☰  
× صفحۂ اول (current) سنڈے سپیشل سپیشل رپورٹ دنیا اسپیشل دین و دنیا کچن کی دنیا فیشن کھیل خواتین متفرق کیرئر پلاننگ ادب
پہلا عشرہ رحمت عامہ کا ہے

پہلا عشرہ رحمت عامہ کا ہے

تحریر : امیر محمد اکرم اعوان

05-12-2019

روزہ روحانی تربیت اور حصولِ رحمت کے لیے ایک خاص اہتمام ہے ۔روزے کی فرضیت ایک خاص مقصد تقویٰ کے حصول کے لیے ایک تربیتی پروگرام ہے،تقویٰ ایک ایسی کیفیت کا نام ہے جو انسان کو اللہ کی نافرمانی سے روک دے اور عملاً اللہ کی عظمت سے آشنائی نصیب ہو یعنی انسان کا ہر عمل اس بات کی گواہی دے کہ اسے اللہ سے تعلق عبدیت حاصل ہے اور وہ اپنی حیثیت کے مطابق اللہ کی عظمت سے آشنا ہے گویا روزہ وہ نعمت ہے جس کے نتیجے میں مومن کو اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ سے ایک ایسا تعلق نصیب ہو جائے جو غلط ہاتھ کو اُٹھنے اور قدم کو چلنے سے تھام لے اور حدود اللہ سے تجاوز نہ کرنے دے ۔

رمضان المبارک بہت برکتوں ،رحمتوں اور بہت زیادہ بخشش کا مہینہ ہے ۔یہ ماہ ِمبارک اپنی برکات اپنے انعامات اور اللہ کی عطا و بخشش کے اعتبارسے تمام مہینوں کا سردار مہینہ ہے۔جسے اللہ کریم نے اپنا مہینہ قرار دیا ہے اور انسانی فطرت اورمزاج کے مطابق اس کا اہتمام فرمایا ہے کہ ساری کائنات سے کاٹ کر جائز ضروریات سے بھی مقررہ اوقات میں کنارہ کش کرکے اپنے روبرو بٹھا کر شرف ہم کلامی عطا فرمایا۔ اللہ کریم فرماتے ہیں’’ یہی تو وہ مہینہ ہے جس میں مَیں نے تم سے بات کی اور جس کی خوشی میں ہر سال یہ پورا مہینہ تمہیں عطا کر دیا‘‘ ۔

رمضان المبارک کی اصل اساس یہ ہے کہ یہ وہ مبارک مہینہ ہے جسے ایک خاص تقدس ،ایک خاص اعزازدے کر ایک سر بلندی دے کر اس لیے منتخب فرمایا گیاکہ اس میں اللہ کا کلام نازل ہوا۔ ہر نبی ؑ پر جو کلام الٰہی نازل ہوا اس کی ابتدا رمضان المبارک ہی میں ہوئی اور قرآن کریم بھی سارے کا سارا علم الٰہی سے لو حِ محفوظ میں آیا، لوحِ محفوظ سے آسمانِ دنیا پر رمضان المبارک میں منتقل فرمایا گیا او ر نزول وحی کی ابتد ا اسی ماہِ مبارک میںہوئی پھر مسلسل نازل ہوتا رہا ۔اس مہینے کو یہ شرف حاصل ہے کہ یہ مشتِ غبارمیں وہ اہلیت پیدا کرتا ہے ،وہ پاکیزگی پیدا کرتا ہے ،وہ طہارت پیدا کرتا ہے،وہ لطافت لے آتا ہے کہ کلامِ الٰہی کو سننے ،سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق ارزاں ہو جاتی ہے۔جس میں عملاً یہ تربیت دی جاتی ہے کہ اللہ دیکھ رہا ہے ۔

یہی وجہ ہے کہ جہاں یہ تقدس نہیں ہو تا وہاں کلامِ الٰہی سے ہدایت نصیب نہیں ہو تی ہے۔سو رمضان کا مجاہدہ کرنا ہے تراویح پڑھنا ہے ،روزہ رکھنا ہے ، مجاہدہ کرنا ہے تو تقویٰ کے حصول کے لیے کرو۔اللہ کو پانے اور اُسے راضی کرنے کے لیے کرو۔اس کے قرب کو پانے کے لیے کرو۔اس کا قرب مل گیا تو جنت آپ کے قدموں میں ہو گی اور اس مقصد ہی سے ہٹ گئے تو اس کا قرب کیسے ملے گا ؟

یوں تو رمضان کی ہر رات کا قیام تراویح اور تہجد ،ہر ایک کی اپنی خصوصیت ہے ۔دن بھر اللہ کی فرمانبرداری میں جائز امور سے پرہیز بندہ مومن کو ذات باری سے ایک خاص قرب عطا کرتا ہے کہ اللہ تو رگِ جاں سے بھی زیادہ قریب تر ہے ۔لیکن قریب ہونا اور بات ہے اور بندے کو قرب کا احساس ہو یہ اور بات ہے تو روزہ انسان کے اندر اس احساس کو بیدار کرتا ہے کہ اس کامالک اس کے پاس ہے یہ احساس ترقی کرتا ہے اور بندہ اپنا محاسبہ کرنے کے قابل ہو جاتا ہے ۔پہلے عشرے میںرحمتِ خداوندی سے احساسِ زیا ں پیدا ہو اجیسا کہ حدیث پاک میں ارشاد ہے کہ اس کا پہلا عشرہ رحمت عامہ کا ہے۔ جس میں رحمت باری کا سیلاب امڈتا ہے اور رحمت باری ہر لحظہ ہر آن پورے جوبن سے برس رہی ہوتی ہے ۔

خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو اپنے کاسۂ دل کو سیدھارکھتے ہیں۔ اگر کہیں کمی ہوتی ہے تو ٹیڑھا پن کاسئہ دل میں ہوتا ہے ۔بارانِ رحمت میں کمی نہیں ہوتی کہیں ہمارے اعتقاد کی کمزوریاں ،کہیں رسومات کی پیروی ،کہیں ہمارے کردار کی خامیاںہمارے کاسئہ دل کو ٹیڑھا کر دیتی ہیں اور اس میں کچھ نہیں پڑتا ۔خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنھوں نے کاسئہ دل کو سیدھا رکھا اور رحمت باری سے بھر لیا۔دوسرے عشرے تک احساسِ ندامت نے زور پکڑا اور اصلاح احوال ،توبہ اور مغفرت کے لیے کوشاں ہواجب اپنا احتساب کرنے کا حوصلہ آیا تو تیسرے عشرے کی طاق راتوں میں اپنے ربِّ کریم کی بے پایاںمغفرت کا طالب ہوا ۔راتوں کو قیام کا ذوق عطا ہوا تو اللہ کریم کی طرف سے مزید سہولت عطا ہوئی

۔ رمضان المبارک کو اپنے نقوش ثبت کرنے چاہئیں عملاً اور شکلًا جو روزہ ہے کہ کھانے پینے سے رک گئے یا اور امور سے رک گئے یہ پابندی تو ختم ہو گئی ۔رمضان المبارک کا مہینہ تو گزر گیا لیکن ہر خطا سے رکنے کی پابندی کو اگر طبیعت میں جگہ دے گیا تو رمضان گیا نہیں رمضان موجود ہے ۔اگر جھوٹ بولنے سے ڈرلگتا ہے تو رمضان موجود ہے ،اس کی برکات موجود ہیں ۔اگر حرام کھانے سے ڈر لگتا ہے تو رمضان موجود ہے ،اس کی برکات موجود ہیں۔اطاعت الٰہی کی رغبت باقی ہے تو رمضان باقی ہے اسکی برکات باقی ہیںاور اگر یہ چیزیں نصیب نہیں ہوئیں تو پھر واقعی رمضان گزر گیا اور گزرے ہوئے لمحات لوٹا نہیں کرتے ۔ اپنی زندگی کا محاسبہ کرتے ہوئے اپنی خطائوں کی بخشش چاہتے ہوئے اپنے گناہوں اور لغزشوں کو پیش نظر رکھ کر اللہ سے بخشش طلب کی اور ماہ رمضان المبارک کا روزہ رکھا تو ایک روزہ زندگی بھر کی خطائو ں کی بخشش کے لیے کافی ہے ۔

ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ہمارا ایمان بڑا مضبوط ہے ۔یا د رکھیے جو ایمان اللہ کی نافرمانی کرنے سے روکنے کا کام نہیں کرتا وہ مضبوط نہیں کمزور ہے۔جو ایمان حرام کھانے کو برداشت کر لیتا ہے اور حلال پہ اصرار نہیں کرتا جو ایمان فرائض کی پابندی سے محروم انسان کے ساتھ گزارا کرتا ہے وہ کمزور ہے ۔ آج ہمارے ایمان میں دراڑیں پڑ چکی ہیں جو رسومات ہم نے خود ایجاد کیں انہیں ہم اپنے لیے باعث عزت سمجھ کر پوری پابندی سے ان پر عمل کرتے ہیں وہ شادی کی ہوں ،جنازے کی ہوں، مرنے والے کی ہوں، پیدا ہونے والے کی ۔ہر رسم کو ہم فرض عین سے زیادہ اہمیت دے کر نبھاتے ہیں۔اس لیے کہ اس میں ہم اپنی اور اپنے ذاتی وقار کو دائو پر نہیں لگا سکتے۔جب اطاعت الٰہی کی بات آتی ہے تو ہم نرم پڑ جاتے ہیں۔طبیعت خراب ہو تو نماز چھوٹ جاتی ہے۔مہمان آجائیں تو ذکر الٰہی رہ جاتا ہے ۔حلال و حرام کی تمیز بہت کم رہ جاتی ہے ۔یہ کمزور ایمان ہے۔

رمضان کے روزے فرض کیے جانے کی غرض و غایت ہی یہی ہے کہ صفت ِ تقویٰ عطاہو جائے یعنی روحیں ، اندر کا انسان بہار آشنا ہو سکے ،پھل پھول سکے اپنی خوشبو دے سکے اور اپنے کمال کو پا سکے۔یہ مہینہ صرف روزوں کا نہیں حقیقی تبدیلی کا مہینہ ہے ۔یہ ایک بھٹی ہے جس طرح سونے کو بھٹی میں ڈالا جائے تو اس کا کھوٹ نکل جاتا ہے ۔اس طرح رمضان کے تیس دن ایک بھٹی ہے ۔اس میں سے مومن کندن بن کر نکلتاہے۔ اللہ کریم اس پر استقامت دے اور آئندہ نیکی پر کاربند رہنے کی توفیق عطا فرمائیں تو بندہ روزے کے مقصد کو پا گیا۔

اللہ کریم تم سے بیگار نہیں لینا چاہتے ،تم پر بوجھ نہیں لادنا چاہتے ،بلکہ تمہیں وہ طرزِ عمل بتا رہے ہیں جس میں تمہیں اللہ سے ایک خالص تعلق پیدا ہو جائے گا،تم اللہ سے محبت کرنے لگو،اللہ کو چاہنے لگواور اس حد تک اللہ کے طالب بن جائو کہ تمہیں اللہ کی نافرمانی کا تصور بھی نہ آئے ۔انسان کو مجبور کرنے یا اس پر مصیبت ڈالنے یا اس پر بوجھ ڈالنے کے لیے نہیں بلکہ یہ تونری آسانیاں ہیں ۔آپ معاشر ے میں اور زندگی میں دوسرے طریقوں کو بھی آزما کر دیکھ لیںاور اسی طرح کام کو شرعی طریقے سے بھی کر کے دیکھ لیں تو شرعی طریقے سے کام کرنا غیر شرعی طریقے کی نسبت آسان ہو گا۔اس میں آسانی بھی ہے ،اس میں اللہ کی رحمت بھی ہے اور اس میں اللہ کی یاد قدم قدم پہ وابستہ ہے ایک ایک دم کے ساتھ وابستہ ہے ۔ہم جب کوئی کام اللہ کے حکم کے مطابق کر رہے ہیں ،نبی کریمﷺ کی سنت کے مطابق کر رہے ہیں تو اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کی یا د بھی اس میںدم دم کے ساتھ وابستہ ہے اور یہی مقصدِ حیات ہے ۔یہ سعادت ہے کہ ہم سب کو اللہ کریم سے اتنا تعلق پیدا ہو جائے ،اتنی محبت پیدا ہو جائے ،جنوں کی حد تک عشق پیدا ہو جائے کہ اللہ کی نافرمانی برداشت نہ کرسکیں۔ ٭٭٭٭

مزید پڑھیں

ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریؓ کی فضیلت کے بارے میں رمضان المبارک میں تذکرہ اس لحاظ سے اہم ہے کہ آپؓ نے 10 رمضان سن 10 نبوت میں وفات پائی۔ ...

مزید پڑھیں

حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا’’ نفع کمانے والے کو رزق دیا جاتا ہے اور ذخیرہ اند ...

مزید پڑھیں

حضور نبی اکرمؐ نے ارشاد فرمایا کہ رمضان المبارک بہت ہی بابرکت اور فضیلت والا مہینہ ہے۔ یہ صبر و شکر اور عبادت کا مہینہ ہے جس میں عبادت کا ...

مزید پڑھیں

گذشتہ شماروں سے پڑھیں

سوداگروں کا ایک قافلہ بغداد کی طرف جا رہا تھا۔ ان کے ساتھ ایک نو عمر لڑکا بھی تھا۔ جس کو اس کی ماں نے کچھ ہدایات دے کر اس قافلے کے ساتھ اس ل ...

مزید پڑھیں

آج کل کے بہت سے اچھے خاصے دیندار حلقوں میں بھی معاملات یعنی خریدو فروخت،امانت،قرض،نوکری،اور مزدوری کی اصلاح کا اتنا اہتمام نہیں جتنا ک ...

مزید پڑھیں

حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ’’مومن کو علم سے سیری حاصل نہیں ہوتی یہا ...

مزید پڑھیں