☰  
× صفحۂ اول (current) دین و دنیا دنیا اسپیشل عالمی امور رپورٹ خصوصی رپورٹ سنڈے سپیشل فیشن کچن کی دنیا صحت کھیل کیرئر پلاننگ متفرق خواتین ادب
بادام ضرور کھائیں

بادام ضرور کھائیں

تحریر : حکیم قاضی ایم اے خالد

06-30-2019

بادام کا تیل صدیوں سے افزائش حسن اورصحت کے لئے مستعمل ہے چہرے پر بادام کے تیل کی مالش سے چہرہ ترو تازہ اور شاداب رہتا ہے یہ طریقہ ماضی میں بہت مقبول تھاخصوصاً شاہی گھرانے کی خواتین اسے اپنے معمول میں شامل رکھتی تھیںخصوصاً مصر کی ملکہ قلوپطرہ افزائش حسن میںروغن بادام استعمال کیا کرتی تھیں۔ موجودہ دور میں روغن بادام کا افزائش حسن کے حوالہ سے استعمالـ ’’میجک آف ایسٹ‘‘کے نام سے مغربی ممالک میں خاصی پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔

عام طور پر آلمنڈ آئل میٹھے بادام کی گریوں سے حاصل کیا جاتا ہے۔یہ بادام روغن ادویاتی اور کاسمیٹک استعمالات میں لایا جاتا ہے۔یہ ملین یعنی قبض کشا خاصیت رکھتا ہے اسے برونکائٹس‘کھانسی‘سینے کی جلن کے علاوہ گردوں ‘مثانے اور صفراوی نالیوں کی بے قاعدگیاں دور کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔یہ پٹھوں کی دکھن اور درد کے خاتمے کیلئے فائدہ مند ہے ۔علاوہ ازیں جلد کو نرم و ملائم بنانے اور رنگت صاف کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔بالوں کیلئے بھی مفید ہے۔روغن بادام مختلف پکوانوں کا ذائقہ بہتر بنانے اور کنفیکشنری میں بھی استعمال ہوتا ہے ۔کڑوے باداموں کا تیل اندرونی طور پر استعمال نہیں کیا جاتا کیونکہ اس میں پرسک ایسڈ‘ہائیڈرو سایانک ایسڈیا سایا نائیڈپایا جاتا ہے جو کہ زہر ہے۔ روغن بادام کے بے شمار فوائد ہیں جن میں سے چند ایک قارئین ِدنیا کی نذر ہیں۔

مضر کولیسٹرول کم کرنے کیلئے:۔

روغن بادام میں ایچ ڈی ایل کو بڑھانے اور ایل ڈی ایل کو گھٹانے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔ریسرچ کے مطابق بادام کے تیل میںسیچیوریٹڈ فیٹ کے ساتھ ساتھ فائبر اور دیگر منرلز پائے جاتے ہیں جونہ صرف کولیسٹرول کم کرنے بلکہ دل کے امراض اور شوگر سے بھی بچاتے ہیں۔

وزن میں کمی کیلئے:۔

روغن بادام اپنی اینٹی انفلیمنٹری اور اینٹی آکسیڈیٹو خصوصیات کے سبب وزن کم کرنے میں مددگار رہتاہے۔ ریسرچ کے مطابق جو لوگ روزمرہ کی بنیاد پر اپنی غذا میں بادام کے تیل کا استعمال کرتے ہیں انکے وزن میں نمایاں کمی ہوتی ہے بہ نسبت ان لوگوں کے جو اسکا استعمال نہیں کرتے۔

آنتوں کی صحت کیلئے:۔

بادام کاتیل آنتوں کی صحت کے لئے بے حد مفید رہتاہے۔یہ آنتوں کے کینسر سے بچاتاہے۔ اگر آپکوقبض یاآنتوں کی دیگر تکالیف کا سامنا ہے تو آپ بادام کے تیل کو دودھ یاسلاد میں ملاکر کھائیں۔

کان کے درد کیلئے:۔

یہ انتہائی تکلیف دہ درد ہے خصوصاً بچوں میں۔کان کے درد میں آپ بادام کاتیل نیم گرم کرکے دو قطرے ڈال سکتے ہیں، یہ نقصان دہ نہیں ہے۔

جلدی امراض ایگزیما اور سورائیسس کیلئے:۔

اگر آپ اس مسئلہ سے دوچار ہیں تو اسمیں ہونے والی خارش ،جلن اور سرخی آپ بادام کاتیل لگاکر ختم کرسکتے ہیں ۔ یہ اس کا بہترین علاج ہے۔

جلد کی حفاظت کیلئے:۔

اسکن کیئر کی جانی مانی مصنوعات میں وٹامن ای کا استعمال کیاجاتاہے جبکہ بادام کے تیل میں یہ قدرتی طور پر موجود ہوتاہے۔روزانہ جلد پر اسکااستعمال الٹراوائیلٹ شعاعوں سے بچا کر اسکی حفاظت کرتاہے۔اس سے آپ بچوں کا مساج بھی کرسکتے ہیں یہ جلد میں بآسانی جذب ہوجاتاہے۔

اسکن کلینزنگ کیلئے:۔

بادام کا تیل اسکن کلینزنگ کے لئے بہترین ہے۔کاٹن کی مدد سے آپ اگربادام کے تیل سے کلینزنگ کریں تو یہ آرام سے جلد میں جذب ہوکر اندرونی طورپر بھی جلد کی کلینز نگ کرتاہے۔میک اپ اتارنے کے لئے بھی آپ اس آئل کو آرام سے استعمال کرسکتی ہیں۔

کیل مہاسوں سے نجات کیلئے:۔

بادام کے تیل میں پائی جانے والی وٹامن اے کی خصوصیات جلد کو دانوں سے محفوظ رکھتی ہے۔اگر آپ روزانہ کی بنیاد پر اسکا استعمال جاری رکھیں تو جلد کو دانوں سے پاک رکھ سکتی ہیں۔

آنکھوں کے حلقوں کیلئے:۔

آنکھوں کے گرد حلقے ساری خوبصورتی کو گہنا دیتے ہیں۔صرف بادام کے تیل سے اس مسئلے پر قابو پایاجاسکتاہے۔روز رات میں نیم گرم بادام کے تیل سے آنکھوں کے گرد مساج کرنے سے نہ صرف حلقے بلکہ اگر آنکھوں کے گرد سوجن ہوتو وہ بھی چلی جاتی ہے۔

چہرے کی جھریاں ختم کرنے کیلئے :۔

درج ذیل طریق کار یورپ میں انتہائی مقبول ہو رہا ہے اورـ ’’میجک آف ایسٹ‘‘کے نام سے معروف ہے ۔سب سے پہلے چہرے کو دودھ میں بھیگے کاٹن سے صا ف کیجئے صفائی کے دوران اس بات کا خیال رکھیں کہ رگڑ نہ زیادہ ہلکی ہو اور نہ زیادہ تیز بس درمیانہ دبائو رکھیں اب نیم گرم روغن بادام میں عرقِ گلاب کے چند قطرے شامل کر کے چہرے پر مساج کے انداز میں ہلکی ہلکی مالش کریں اور یہ عمل پانچ منٹ تک جاری رکھیں اس طرح چہرے کی ورزش بھی ہو جائے گی اور چہرے پر نظر آنے والی جھریاں بھی ختم ہو جائیں گی جلد بھی حسین اور جوان رہے گی۔

بالوں کی خوبصورتی اور دیگر امراض کیلئے گھر میں تیار ہونے والا ہئیر آئل:۔

روغن بادام بالوں کی افزائش اور صحت کے لئے بہترین ہے ۔یہ بالوں کیلئے کنڈیشنر کاکام بھی کرتاہے۔ہلکاہونے کے باعث اسکیلپ میں اچھی طرح جذب ہوکر بالوں کی جڑوں کو مضبوط بناکر بالوں کو لمبا،گھنااور خوبصورت بناتاہے۔درج ذیل نسخہ بالوں کے تمام امراض میں فائدہ مند ہے۔

ہوالشافی:۔

روغن بادام‘ 25ملی لیٹر

روغن بیدانجیر(کیسٹر آئل)‘25ملی لیٹر

روغن ناریل ‘50ملی لیٹر

تمام روغنیات ملا لیں اور عام تیل کی طرح استعمال کریں۔قبض کی صورت میں یہی تیل ایک بڑا کھانے کا چمچ دودھ کے ساتھ پیا بھی جا سکتا ہے۔

گذشتہ شماروں سے پڑھیں

موسم برسات میں بارشوں اور سیلاب کے بعد مختلف قسم کی بیماریاں پھیلنے کا زبردست اندیشہ ہوتا ہے جو وبائی شکل اختیار کر سکتی ہیں۔ ان بیماریو ...

مزید پڑھیں

غصّہ ایک فطری نفسیاتی کیفیت ہے لیکن جب یہ بار بار پیدا ہوتی ہے تو اس سلسلے میں پیدا ہونے والے کیمیاوی اجزا ء کی مقدار بدن میں مستقل بڑھ جا ...

مزید پڑھیں

مجھے کئی مرتبہ سندھ جانے کا موقع ملا ہے ، ایڈز زدہ بچوں سے بھی ملاہوں ،ان کی طبیعت دیکھ کرمیں لاہور آکر خود کئی روز بستر سے نہ اٹھا سکا۔س ...

مزید پڑھیں