☰  
× صفحۂ اول (current) سنڈے سپیشل رپورٹ کھیل فیشن صحت دین و دنیا متفرق خواتین کیرئر پلاننگ ادب
اسٹریس اور ٹینشن سے نجات کا طریقہ

اسٹریس اور ٹینشن سے نجات کا طریقہ

تحریر : ناصر محمود بیگ

05-26-2019

طبی تحقیقات کے مطابق موت کی سب سے بڑی وجہ دہشت گردی نہیں بلکہ اسٹریس ہے ۔ عالمی ادارہ صحت نے اسٹریس کو اکیسویں صدی کی وباء قرار دیا ہے۔ ہارٹ اٹیک کا سب سے بڑاسبب اسٹریس ہے۔ جو لوگ اسٹریس کا شکارہوتے ہیں ان کی زندگی اتنی تکلیف دہ ہوجاتی ہے کہ انہیں موت کی تکلیف نہیں رہتی وہ سمجھتے ہیں کہ مرنا آسا ن ہے کہ روز روزکی تکلیف سے توجان چھوٹے گی ۔

اسٹریس مینجمنٹ ہر اس فردکا مسئلہ ہے جس کے پاس سیلف مینجمنٹ کی کمی ہے اپنی زندگی کو مینج کرنے اور خود کو منظم نہ کرنے کا مطلب اسٹریس کو دعوت دیناہے۔ ذیل میں سیلف مینجمنٹ کے لیے ضروری اقدامات اور مفید مشورے دیے گئے ہیں جن پر عمل کرکے کوئی بھی فرد اسٹریس کو بڑی حدتک کم کر سکتاہے۔

اسٹریس کی وجوہات کی فہرست بنائیے

ماضی میں آپ کو کن چیزوں نے اسڑیس میں مبتلاکیاان کی ایک فہرست بنائیں مثال کے طور پر امتحان میں ناکامی، کاروباری نقصان یاکوئی گھریلو مسائل ۔۔۔۔ پھر اس فہرست میں سے جو چیز یں آپ کے اختیار میں نہیں تھیں ان پرنشان لگایے، پھر سوچیں کہ ان غیر اختیاری واقعات سے میں نے کیا سیکھا۔

اپنے تجربات سے سیکھئے

آپ کی زندگی میں کئی بار ایسا ہوا ہوگا کہ کسی سانحے نے آپ کو بہت قیمتی سبق دیا اور اس سبق کا آئندہ زندگی میں بہت فائدہ ہوا، اس کی ایک فہرست بنائیے کہ آپ نے اپنی زندگی کے غیر اختیاری واقعات اور غلطیوں سے سیکھاہے جو آدمی اپنے تجربات سے سیکھنے کا جذبہ رکھتاہے وہ بہت کم اسٹریس کا شکار ہوتاہے ۔

بانٹنے کا جذبہ پیدا کیجئے

جو لوگ دوسروں پر خرچ کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں ان کی زندگی میں اسٹریس کم ہوتاہے ،کنجوس انسان اپنااسٹریس مینج نہیں کر سکتاجبکہ سخی کے لیے اسٹریس کو مینج کرنا کچھ مشکل نہیں ہوتا بلکہ سخی کو دیکھ کر اسٹریس تو دور سے بھاگتاہے ۔

پیسہ خرچ کر نے کی صلاحیت پیدا کیجئے

اسٹریس کا معاشی کیفیت سے بھی گہرا تعلق ہے عموماََلوگوں کے پاس پیسہ توخوب ہے مگر پیسہ خرچ کرنے کی اہلیت نہیں ہے لہٰذاوہ خوب کماتے ہیں مگر پھر بھی معاشی مسائل میں پھنسے رہتے ہیں اگر آپ کو پیسہ کمانا آتا ہے مگر اس کو خرچ کر نے کا ٹیلنٹ آپ کے پاس نہیںہے تو بہت محنت سے کمایا پیسہ آپ ضائع کر دیں گے۔ نتیجہ۔؟ پیسہ کمانے کا اسڑیس اور پھر پیسہ ختم ہونے کا اسٹریس ۔

اپنی ذات کے خول سے باہر نکلئے

گوتم بدھ کے پاس ایک عورت آئی اور کہا کہ میراجوان بیٹامرگیا ہے ،میری تکلیف کو کم کر دو گوتم بدھ نے اسے ایک مٹی کا برتن دیا اور کہا کہ شہر جائواور اس گھر سے دانے لے کر آنا جہاں موت نہ ہوئی ہو۔ کئی دنوں کے بعد وہ واپس آئی تو برتن خالی تھا کیونکہ اسے ایک بھی گھر ایسا نہ ملا جہاں موت نہ ہوئی ہوگوتم بدھ کے پوچھنے پر اس نے بتایا کہ میری تکلیف اب ختم ہوگئی ہے اور دوسروں کے دکھ دیکھ کر میرا دکھ دور ہو گیا ہے لہٰذا اپنی ذات کے خول سے باہر نکل کر دوسروں کے دکھ درد بانٹیے۔ یہ ہسپتال، یہ حوالات ، یہ قبرستان ایسی جگہیں ہیں جو اسٹرلیس کو کم کرنے کا بہت بڑا ذریعہ ہیں ۔

ماضی اور مستقبل سے نکل کر حال سے لطف اٹھائیے

انسان کو اسٹریس میں مبتلا کرنے والی دو ہی سوچیں ہیں، ایک ماضی کے غم اور دوسری مستقبل کے خدشات۔ خودکو ماضی کے غموں اور مستقبل کی تشویشوں سے نکال کر حال میں رہنا آج کے انسان کے لئے بہت ضروری ہے حال کی گھڑی سے لطف اندوز ہونا اسٹریس کا فطری علاج ہے ۔

اپنے رب سے تعلق مضبوط کیجئے

اللہ تعالیٰ کے سامنے سجدہ ریز ہو نا دراصل اپنے مسائل کی گھڑی اپنے رب کے حضور پیش کرنے کا نام ہے۔ اپنے اللہ کے سامنے جھکیں۔انسان اپنی خوشی اور کامیابی کے لیے طرح طرح کی پلا ننگ کرتا ہے۔اپنے آپ کو بہترین پلانر کے حوالے کر دیجئے آپ کے بہت سے اسڑیس خود ہی ختم ہو جائیں گے ۔

اسڑیس سے بچائو کے چند عملی مشورے

دوسرں کے معاملات میں دخل اندازی نہ کریں ،جس طرح آپ چاہتے ہیں کہ کوئی آپ کی زندگی میں دخل اندازی نہ کرے ۔

کسی بھی بات کو حتمی نہ سمجھیں ۔تبدیلی کی گنجائش رکھیں، جوآپ سن یا دیکھ رہے ہیں عین ممکن ہے کہ اس کی حقیقت کچھ اور ہو ۔

دوسرے لوگوں سے غیر ضروری توقعات قائم نہ کریں ،جو توقعات پوری نہ ہوں ہمیشہ اسڑیس کا باعث بنتی ہے ۔

زندگی کو دیکھنے کا موجودہ زاویہ بدلیے ۔کالے رنگ کی عینک سے دنیا کو دیکھیں گے تو پوری دنیا میں تاریکی ہی تاریکی دکھائی دے گی ۔دنیا کو دیکھنے کا بہترین زاویہ روشن خیال اور حقیقت پسندانہ سوچ کے بین بین ہوتا ہے ۔

یادرکھیے کہ اسٹریس ہمیشہ برانہیں ہوتا ۔بعض اوقات اسٹریس اچھا بھی ہوتاہے، مثبت اسٹریس کا مقصد انسان کو آگے بڑھنے کے لئے توانائی فراہم کرنا ہوتا ہے، اس توانائی کو استعمال میں لائیے ۔

تندی باد مخالف سے نہ گھبرا اے عقاب

یہ تو چلتی ہے تجھے اور اونچا اڑانے کے لئے

گذشتہ شماروں سے پڑھیں

پنجاب میں مسلمانوں کی آمدکے بعد فنِ تعمیر کا ایک نیا باب کُھل گیا۔ انہوں نے مذہبی عمارات کے علاوہ محل، مقبرے، سرائیں اور باغات بھی تعمیر ...

مزید پڑھیں

طارق شاہ اپنے چار پھولوں حسینہ شاہ ، شمائلہ شاہ ، مشال اور عائشہ کی ساتویں برسی 22اگست 2019ء کو منائیں گے جس میں قرآن خوانی ہو گی اور ایک من ...

مزید پڑھیں

حکومت نے اسلام آباد میں شاپنگ بیگز پر پابندی لگا دی ہے۔ملک بھر میں پابندی لگانے پر کام ہو رہا ہے مگر حکومت کے پاس اس کا کوئی متبادل موجود ...

مزید پڑھیں